استاد کے اصول
بہترین استاذ وہ ہے جو بیک وقت نفسیات، اخلاقیات اور روحانیت میں مہارت رکھتا ہو۔ ان میں سے ہر مہارت کی خصوصیات دوسری مہارت سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ اس لئے ہم ان تینوں مہارتوں کے لئے کچھ مشترکہ اصول ذکر کریں گے۔
*1️⃣اخلاص:* اچھا استاذ اپنے پیشے کے ساتھ مخلص ہوتا ہے۔ وہ اپنے پیشے کے ساتھ جس قدر بے لوث ہوگا ، اس کی دلچسپی اسی قدر بڑھتی جائے گی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں اتنی ہی کم ہوتی چلی جائیں گی۔ اخلاص وہ جوہر ہے جس سے عمل میں لذت پیدا ہوجاتی ہے۔
*2️⃣تقوی:* علم اور تقوی کا باہم گہرا تعلق ہے، اسی وجہ سے قرآن پاک میں خشیت الہی کا مدار "علم" کو قرار دیا گیا ہے۔ نیز یہ بات ہم پر مخفی نہیں کہ استاذ کے دل میں جتنی خدا خوفی ہوتی ہے اس کی زبان میں اسی قدر تاثیر ہوتی ہے۔
*3️⃣بہترین عملی کردار:* شاگرد اپنے استاذ کو بہت باریک بینی سے دیکھتا ہے، یوں استاذ کی چال ڈھال، عادات واطوار اور اخلاق وکردار لاشعوری طور پر بھی اس میں اترنے لگتے ہیں ۔ شاگرد کی دقتِ نظری کیسی ہوتی ھے۔
*4️⃣تلاوت کا معمول:* تلاوت کا معمول روزانہ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔تلاوت کم از کم اتنی اونچی آواز سے کرنی چاہیے کہ اسے خود سن سکے، ان شاء اللہ اس عمل کی تاثیر وہ خود محسوس کرے گا۔
*5️⃣ذکر اللہ:* بہتر ہوگا کہ تلاوت کےعلاوہ ذکر الہی کے لئے کچھ وقت الگ سے نکالے۔ قلب کے احیاء (دل کو زندہ رکھنے) کے لئے یہ عمل بے حد موثر ہے۔
*6️⃣شکر:* اچھا مدرس وہ ہوتا ہے جس کی طبیعت میں شکر کا وصف موجود ہو، شکر سے مراد اس کی تینوں قسمیں ہیں، یعنی قلبی ، لسانی اور عملی ۔
قلبی شکر کا مطلب ہے کہ دل میں منعم (محسن) کا احترام اور اس سے محبت ہو۔ جس ادارے سے اس کا روزگار وابستہ ہے وہاں کے منتظمین کا قلبی شکر بے حد ضروری ہے۔ جو مدرس اپنے طلبہ کے سامنے اپنے منعم کی برائیاں بیان کرتا ہے اور اس پر تنقید کرتا ہے وہ ناکام ترین مدرس ہے۔
شکرِ لسانی دو طریقوں سے ہوتا ہے، ایک وہ جس کی سورۃ الضحی میں تعلیم دی گئی ہے "واما بنعمۃ ربک فحدث" یعنی اپنے رب کی نعمتوں کو بیان کیجئے، جسے تحدیث بالنعمت کہا جاتا ہے۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اپنے محسن کا شکر زبان سے بھی ادا کرے جسے اللہ تعالی نے فرمایا:" ان اشکر لی ولوالدیک "(میرا شکر ادا کرو اور اپنے والدین کا بھی)اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے من لم یشکر الناس لم یشکر اللہ(جس نے لوگوں کا شکریہ ادا نہ کیا اس نے اللہ کا شکر بھی ادا نہیں کیا)۔
عملی شکر سے مراد ہے کہ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کو ڈھنگ سے استعمال کرے، جو استاذ نعمتوں کا درست استعمال نہیں کرتا وہ ناشکرا اورناکام مدرس ہے۔
*7️⃣حیا:* استاذ کے لئے حیا ایک ناگزیر وصف ہے۔ حیا کا مطلب ہے "انقباض النفس عن القبیح "یعنی اللہ کی طرف سے ناپسندیدہ قرار دی گئی باتوں /چیزوں سےاس کا جی تنگ پڑے، ایسی باتوں کی طرف جانا اس کے لئے گرانی کا باعث ہو۔ استاد میں حیا ہوگی تو آگے بھی یہ وصف ضرور متعدی ہوگا، مگر افسوس ہے کہ موبائل نے ہم اساتذہ کی حیا اگر ختم نہیں کی تو کم ضرور کردی ہے۔
*8️⃣ذمہ داری کا احساس:* یہ بات مشاہدے اور تجرے سے ثابت ہے کہ طلبہ کا غیر ذمہ دارانہ رویے کا ایک بڑا باعث استاد کا غیر ذمہ دارانہ مزاج ہے۔ کامیاب مدرس بننے کے لئے اپنے اندر ذمہ داری کا احساس جگانے کی ضرورت ہے۔
*9️⃣اچھی صحبت:* اچھا استاذ وہ ہوتا ہے جس کا مزاج اچھا ہو، اس کی بیٹھک اچھے لوگوں کے ساتھ ہو،اس کی پہچان اچھی سوسائٹی ہو۔ حدیث کے مطابق اسے عطار کے مانند ہونا چاہیے جس کے پاس سے گزرنے والا کم ازکم معطر ضرورہوسکے،نہ کہ لوہار کی طرح جس کی صحبت اختیار کرنے والے کو بھٹی کی تپش بھی گوارا کرنا پڑتی ہے۔ برے لوگوں سے خیرخواہی اور اصلاح کا تعلق تو رکھے مگر دوستی کا نہیں۔
*0️⃣1️⃣تحمل اور برداشت:* تعلیم اور تزکیہ کے میدان میں صبر وتحمل کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے۔ انبیا کو اللہ نے باربار اس کی تلقین فرمائی ہے۔ استاذ میں جس قدر یہ خوبی ہوگی وہ اتنا ہی کامیاب مدرس ثابت ہوگا۔
*1️⃣1️⃣زہد اور بے رغبتی:* ایک اچھا استاذ وہ ہوتا ہے جس میں کمال درجے کا زہد ہو، شاگرد کے مال پر اگر استاذ کی رال ٹپک رہی ہو تو شاگرد کی نظر میں ایسا استاذ ٹکے کا نہیں رہتا۔ حدیث میں جو ارشاد ہے "ازهد في الدنيا يحبك الله و ازهد فيما عند الناس يحبك الناس"(دنیا سے بے رغبتی اختیار کرو اللہ تم سے محبت کرے گااور لوگوں کےمال ومتاع سے نظریں پھیر لو لوگ تمہارے دیوانے بن جائیں گے) اس میں الناس کی جگہ طلبہ کو رکھ کر عملی مشاہدہ کیجئے، پھر ادراک ہوگا کہ کتنی بڑی حقیقت بیان کی گئی ہے۔
*2️⃣1️⃣عفو درگزر اور وسعتِ قلبی:* ہر معمولی بات پر پکڑ کرنے والا کبھی کامیاب مدرس نہیں بن سکتا، استاذ کو اپنے اندر وسعتِ قلبی پیدا کرنی چاہیے۔ اللہ کی بھی یہی سنت ہے او یوبقھن بما کسبوا ویعف عن کثیر۔
*3️⃣1️⃣خدمت خلق کا جذبہ:* افسوس ہے کہ اس اہم ترین عبادت کو ہم نے شعبوں میں تقسیم کردیا ہے، روزمرہ زندگی میں بطور عبادت اس اصول کا اطلاق ہمارے ہاں نادر ہے۔ تبلیغ میں جانے والے احباب سفرِ دعوت میں ہر طرح کی خدمت اکرامِ مسلم سمجھ کر کرتے ہیں مگر گھر پہنچتے ہی یہ خدمت انہیں ذلت محسوس ہوتی ہے۔ استاذ اگراپنے طلبہ کے سامنے خدمتِ خلق کا عملی نمونہ پیش کرے گا تو ان کے دل میں عظمت بڑھے گی۔
*4️⃣1️⃣قوت اور امانت:* اچھا پیشہ ور وہ ہوتا ہےجس میں قوت اور امانت کا وصف بخوبی موجود ہو ۔ قرآن پاک میں حضرت شعیب علیہ السلا م کی بیٹیوں کا تبصرہ ذہنوں سے اوجھل نہیں رہنا چاہیے"ان خیر من استاجرت القوی الامین" (بہترین اجیر وہ ہے جو قوی بھی ہو امین بھی)استاد کی قوت اس کا وسعتِ مطالعہ ،علمی رسوخ اور اپنے فن/مضمون پر دسترس ہے۔ نالائق سے نالائق طالبعلم بھی اپنے استاذ کی علمی قابلیت کو اچھی طرح بھانپ لیتا ہے۔ استاذ کی "امانت " کا مدار اس بات پر ہے کہ وہ علم کو آگے منتقل کرنے میں کس قدر محتاط اور سخی ہے۔
*5️⃣1️⃣رجائیت (پراُمید ہو):* اچھا استاذ کبھی مایوس نہیں ہوتا، اس کی مثال اس پھل بیچنے والے کی سی ہے جو اپنے گاہک کے سامنے پھل کی ایسی تعریف کرے کہ وہ تھوڑے کے بجائے زیادہ لینے پر مجبور ہوجائے اور اگر خدانخواستہ وہ اس طرح کے جملے دہرانے لگے کہ " جناب بس کیلے کا تو موسم ہی نہیں رہا، اس کا گاہک بھی آج کل ڈھونڈے نہیں ملتا، یہ دیکھیے پڑے پڑے کیلے کالے ہونے لگے ہیں، شکر ہے کوئی تو آیا" یہ سن کر کوئی بے وقوف ہی اس سے سودا خریدے گا۔ افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ ہم جس علم کو "بیچ" رہے ہیں اس کی قدر خود ہمارے دل میں بھی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ استادکے ذریعے شاگروں میں مایوسی منتقل ہورہی ہے۔
*6️⃣1️⃣اخلاقی جرات:* ایک اچھا استاذ اپنے اندر اخلاقی جرات رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ اخلاقی جرات کا تعلق اخلاق سے ہے، آپ کے اندر جتنی بھی بری باتیں ہوں جب تک ان سے جان نہیں چھڑا لیتے اخلاقی جرات کا فقدان رہے گا۔
*7️⃣1️⃣قول وفعل میں مطابقت:* جس استاذ کے قول وفعل میں تضاد ہو وہ ایک بدنام اور ناکام مدرس ہے۔
*8️⃣1️⃣وضع قطع:* استاذ کو چاہیے کہ اپنے باطن کی طرح ظاہر کو بھی اللہ کے رنگ میں رنگ دے۔ شریعت کے مطابق وضع قطع نہ صرف سنتِ نبوی کی اتباع ہے بلکہ اس سےآپ باوقار تشخص کی تعمیر کرسکیں گے۔
*9️⃣1️⃣للّٰھیت:* دینی خدمات محض تنخواہ کے لئے سرانجام نہ دے۔اس سے چاشنی اور لذت جاتی رہتی ہے۔اپنے کسی قول وفعل کے ذریعے شاگردوں کے سامنے بھی ایسا تاثر دینے سے باز رہے۔
*0️⃣2️⃣شاگردوں کے حق میں دعا گو رہے:* اپنے شاگردوں کے لئے ہمیشہ دعا گو رہے۔یہ عمل اجر اور اخلاص بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے
۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں